اٹھارہویں آئینی ترمیم چھوٹے صوبوں کے حقوق کی ضامن ہے، ایمل ولی

November 30, 2022

چارسدہ(نمائندہ جنگ)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس ملک کی وفاداری کا حلف باچا خان نے قومی اسمبلی میں اٹھایا تھا، ہم نسل درنسل پاکستان کو تسلیم کیا ہے اب پاکستان ہمیں تسلیم کرے۔ ہمارے اکابرین پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے لیکن کبھی پاکستان توڑنے کی بات نہیں کی۔ چارسدہ میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن شبقدر کے زیراہتمام باچا خان امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے اندر اپنے حقوق اور وسائل پر اختیار کی بات کرتے ہیں۔ جب تک وسائل پر اختیار نہیں ملے گا پختون قوم محرومیوں کا شکار رہے گی۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم چھوٹے صوبوں کے حقوق کی ضامن ہے۔ پارلیمان سے باہر رکھا جاتا ہے کوئی پروا نہیں ،حق تلفی کی گئی تو خاموش نہیں رہیں گے۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش کی گئی تو پاکستان ٹوٹ جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کی رخصتی، عمرانی فتنے کے خاتمے کا آغاز ہے۔ استعفے دینے کا اعلان محض ڈرامے کے سوا کچھ نہیں۔ استعفوں کی دھمکی، وقت سے قبل انتخابات کیلئے ایک ڈیل کی خواہش کا اظہار ہے۔ عمران نیازی کسی خوش فہمی میں نہ رہے،قبل از وقت انتخابات ایک خواب ہے۔ جو شخص پانچ منٹ کا فاصلہ سرکاری ہیلی کاپٹر کے بغیر نہیں طے کرسکتا وہ صوبائی اسمبلیاں کیوں تحلیل کرے گا؟ عمران خان ابھی سے اپنے لئے جیل کا انتخاب کرلیں، مزید ڈھیل نہیں ملے گی۔