کوئٹہ: ٹرک کے قریب خودکش دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی، 27 زخمی

November 30, 2022

کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی۔

پولیس کے مطابق زخمی خاتون دورانِ علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جس کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے خود کش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 22 اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا ہے کہ پولیو ڈیوٹی پر لے جانے والے پولیس ٹرک سے خودکش حملہ آور نے رکشہ ٹکرایا ہے، خود کش بمبار کی لاش قریب سے ملی ہے۔

تصاویر بشکریہ ٹوئٹر

انہوں نے بتایا ہے کہ قریب سے گزرنے والی گاڑیاں بھی زد میں آ گئیں، دھماکے میں 20 سے 25 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کی شدت سے ٹرک الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 1 بچہ اور 1 اہلکار شامل ہیں۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق بلیلی دھماکے میں جاں بحق بچے اور 5 زخمیوں کا تعلق 1 ہی خاندان سے ہے۔

کوئٹہ پویس نے بتایا ہے کہ زخمی افراد میں 8 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بیشتر زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس جائے دھماکا پر موجود ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا ہے۔

دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا: IG بلوچستان

آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس فورس پر بزدلانہ حملہ کیا ہے، جس سے ہمارے حوصلے کبھی بھی پست نہیں ہوں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا کام ہے، حوصلے بلند اور عزم مضبوط ہے۔