یمن: حوثی رہنما کا تیل کی بندرگاہوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان

November 30, 2022

شبویٰ کے علاقے میں قائم آئل پورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کے بعد آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں، فائل فوٹو۔

حوثی باغیوں کی سپریم کونسل کے سربراہ مہدی ال مشاط نے کہا ہے کہ حوثی باغی ثناء کے تیل اور گیس وسائل کی ’حفاظت‘ جاری رکھتے ہوئے بندرگاہوں پر حملے جاری رکھیں گے۔

یہ بات انہوں نے یمن کے 55ویں یومِ آزادی کے روز تقریر کرتے ہوئے کہی۔

یمن میں تعینات امریکی نمائندہ خصوصی ٹم لینڈرکنگ نے پیر کو حوثی باغیوں سے آئل پورٹس پر حملے بند کرنے کے لیے کہا تھا۔

حوثی رہنما نے کہا کہ اپنے لوگوں کے وسائل، تیل اور گیس کے خزانے کی لوٹ مار روکنے کے لیے ثابت قدم رہیں گے۔

حوثی باغی 8 برس سے جاری تنازع میں باقاعدگی کے ساتھ تیل کی تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے کرتے رہے ہیں لیکن حالیہ دنوں ان حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی نے پیر کو کہا تھا کہ حوثی فوری طور پر یمنی بندرگاہوں پر حملے بند کریں جس کی وجہ سے اشد ضرورت کے حامل وسائل کی ترسیل کو نقصان پہنچ رہا ہے اور یمن میں مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یمنی حکومت نے اردن اور اومان سمیت دیگر عرب ممالک سے کہا ہے کہ حوثیوں کو دہشتگرد تنظیم قرار دیں۔