انگلش ٹیم اپنے ساتھ ’بارمی آرمی‘ بھی لائی ہے

December 01, 2022

فائل فوٹو

17 سال بعد پہلی مرتبہ بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ چکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج (یکم دسمبر) سے راولپنڈی میں شروع ہو چکا ہے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے صرف برطانوی کرکٹ ٹیم ہی نہیں بلکہ میچ سے قبل انگلش ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے ’بارمی آرمی‘ نامی ان کے مداحوں کی ایک ٹیم بھی پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

’بارمی آرمی‘ انگلش ٹیم کے ایسے پرستار ہیں جو ان کے پیچھے پیچھے دنیا کے کسی بھی کونے میں پہنچ جاتے ہیں۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ’بارمی آرمی‘ کے نام سے موجود ان کے پیج سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت تقریباً 100 سے زائد افراد پر مشتمل مداحوں کی یہ ٹیم پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز دیکھنے کے لیے راولپنڈی اسٹیڈیم میں موجود ہے۔

جبکہ ان کی ایک ویڈیو میں انہیں آج کے میچ سے قبل برطانوی قومی ترانہ پڑھتے ہوئے بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔

’بارمی آرمی‘ کا تعارف

بارمی آرمی انگلینڈ کے کرکٹ پرستاروں کا ایک بہت بڑا گروپ ہے جو 95-1994 میں ڈیوڈ پی کاک، پال برنہم اور گیرتھ ایونز نے اس وقت بنایا گیا تھا جب انگلینڈ کی ٹیم ایشز سیریز کھیلنے آسٹریلیا جارہی تھی۔

اس وقت بارمی آرمی تقریباً 30 افراد پر مشتمل تھی، جو انگلش کرکٹ ٹیم کے پیچھے پیچھے اپنا بوریا بستر اُٹھائے دنیا کے کسی بھی کونے میں پہنچ جاتے اور کرکٹ دیکھنے کا اپنا شوق پورا کرتے تھے۔

تاہم اب یہ ہزاروں انگلش کرکٹ کے پرستاروں کا ایک کلب بن چکا ہے، جو نہ صرف انگلینڈ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے بلکہ دوسرے ممالک میں جاکر کرکٹ دیکھنے کے شوقین افراد کی رہنمائی اور ان کی رہائش کا بندوبست میں مدد بھی فراہم کرتا ہے۔

یہ اس کے علاوہ فلاحی کام بھی کرتے ہیں، جس کے لیے یہ اب تک 5 لاکھ پاؤنڈز بھی جمع کر چکے ہیں۔

بارمی آرمی کے باجا بجانے والے بھی دنیا بھر میں خاصی شہرت رکھتے ہیں جو اسٹیڈیم میں میچ کے دوران کھیل کا رنگ جما دیتے ہیں۔

بارمی آرمی کا دورہ پاکستان

بارمی آرمی نے اس سے قبل 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس وقت انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔

بارمی آرمی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی مختلف پوسٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے بہت پُرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں موجود بارمی آرمی ٹیم میں وہ مداح بھی شامل ہیں جو کچھ عرصہ قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کے دوران انگلیش ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے آسٹریلیا میں تھے۔

برطانوی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے حال ہی میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ٹیسٹ سیریز کی میچ فیس عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد انہوں نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مدد کی اپیل کردی۔ امید کی جاتی ہے کہ بارمی آرمی دورہ پاکستان کے دوران سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کرکے یہاں فلاحی کاموں میں اپنا حصہ بھی ڈالے گی۔