ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلات نہ دی گئیں تو عدالت سے رجوع کرینگے، حافظ نعیم

December 02, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے عوام ترقیاتی اسکیموں پر خرچ ہونے والی اربوں روپے کی خطیر رقم کا حساب چاہتے ہیں، سڑکوں کی استر کاری سمیت مختلف ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلات سے آگاہی کیلئے جماعت اسلامی‘ سندھ حکومت، کے ڈی اے، کے ایم سی اور دیگر محکموں کو قانونی و انتباہی نوٹس بھجوا چکی ہے، تفصیلات فراہم نہ کی گئی تو پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی کرپشن و لوٹ مار کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے، الیکشن کمیشن کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد 142ترقیاتی اسکیمیں جاری کرنے کا نوٹس لے، پیپلز پارٹی کے سیاسی اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر کو برطرف کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کراچی میں اپنا میئر لانے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی باتیں کررہے ہیں اگر وہ کراچی کو حقیقی معنوں میں اون کرتے تو آج شہر کا یہ حال نہ ہوتا،حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے عوام کے سنگین اور دیرینہ مسائل صرف جماعت اسلامی ہی حل کر سکتی ہے اور اب کراچی کے عوام کوصرف جماعت اسلامی سے ہی ساری امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔