کابل میں ہیڈ آف مشن پر حملہ ، ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا، دفتر خارجہ

December 02, 2022

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کابل میں ہیڈ آف مشن پر آج حملہ کیا گیا، حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا۔

پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا، افغان حکام نے سکیورٹی یقینی بنا نے کی یقین دہانی کرائی، کابل میں سفارتخانے کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ بند کرنے یا عملہ واپس بلانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، کابل میں پاکستان سمیت دیگر سفارتی مشنز کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ نے ہمارے ناظم الامور سے بات کی ہے اور ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ افغان عبوری وزیر خا رجہ نے سکیورٹی بہتر بنا نے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب پاکستانی ناظلم الامور سفارت خانے میں چہل قدمی کر رہے تھے، تاہم حملے میں وہ محفوظ رہے۔

فائرنگ سے سفارت خانے کا ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔

وزیراعظم نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔