آپ لوگ صرف پیٹ بھرنے کیلئے نوکری کرتے ہیں، عدالت ایس بی سی اے پر برہم

December 03, 2022

فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے رفاہی پلاٹ پر غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ صرف پیٹ بھرنے کے لیے نوکری کرتے ہیں۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں رفاہی پلاٹ پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

عمارت نہ گرانے پر عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر برہم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس بی سی اے کی ملی بھگت کے بغیر غیرقانونی تعمیرات نہیں ہوسکتیں۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں سارا بگاڑ آپ لوگوں کی وجہ سے ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ ایس ٹی 2 سیکٹر 3 پر کئی منزلہ غیرقانونی عمارت تعمیر کر دی گئی ہے۔

عدالت نے ایس بی سی اے کے حکام سے سوال کیا کہ آپ کو اگست میں کارروائی کا حکم دیا تھا ابھی تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے نے کہا کہ مکینوں کو لیٹر لکھ دیا تھا جلد کارروائی کریں گے۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو صرف لیٹر لکھنے کی تنخواہ ملتی ہے؟ دو کیسز میں ڈی جی کو شوکاز نوٹس دے چکے ہیں، ہمیں سخت حکم جاری کرنے پر مجبور نہ کریں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ایس بی سی اے کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنےکا حکم دےدیا۔