کارکنان عمران خان کو ایک بار پھر وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں، لالہ رفاقت خان

December 06, 2022

لالہ رفاقت نے کہا کہ جاپان میں پی ٹی آئی ملک یار محمد کی صدارت میں بہترین اور منظم طور پر خدمات میں انجام دے رہی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کو ایک بار پھر وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں اس مقصد کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

یہ بات تحریک انصاف جاپان کے سرپرست اعلیٰ لالہ رفاقت خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد خوش قسمتی سے پاکستانی قوم کو عمران خان جیسا عظیم لیڈر نصیب ہوا ہے جس کی جان کو پاکستان میں خطرہ ہے لہٰذا پاکستانی قوم اس عوامی لیڈر کی حفاظت کے لیے جان و مال سمیت کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔

لالہ رفاقت خان نے کہا کہ جاپان میں تحریک انصاف ملک یار محمد کی صدارت میں بہترین اور منظم طور پر خدمات میں انجام دے رہی ہے، ان ہی کی صدارت میں پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے ہماری جماعت نے بھاری فنڈز جمع کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی پاکستان تحریک انصاف جاپان کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور جاپان میں سیلاب زدگان کے لیے جمع کیا جانے والا فنڈ اپنے قائد عمران خان کے حوالے کرے گا۔