کرکٹ میلے کے کامیاب انعقاد کیلئے عوام تعاون کریں، ڈپٹی کمشنر

December 09, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا ہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی 16 سال بعد شہر اولیاءمیں آمد ،وطن عزیز میں انٹرنیشنل کرکٹ کا دور دوبارہ زندہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ سیریز کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو روٹس پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کا ضلعی انتظامیہ کو مکمل احساس ہے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ کرکٹ میلے کے کامیاب انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے تعاون کیا جائے تاکہ کامیاب ایونٹ کے ذرعے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کرکٹ بورڈ کو میچ کے انعقاد کیلئے تمام وسائل اور افرادی قوت فراہم کی ہے۔شہر اولیاءمیں کامیاب ایونٹ کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرینگے شہریوں کو کرکٹ سٹیڈیم پہنچانے کیلئے پارکنگ سے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی جبکہ روٹس پر مثالی صفائی اور سجاوٹ کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔