پی ٹی آئی نے محسن نقوی کی بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعیناتی چیلنج کر دی

January 27, 2023

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں محسن رضا نقوی کی بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعیناتی چیلنج کر دی۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکریٹری پی ٹی آئی عدالتِ عظمیٰ میں درخواست دائر کی ہے۔

عدالتِ عظمیٰ سے تحریک انصاف کی جانب سے محسن نقوی کو بطور نگراں وزیرِاعلیٰ پنجاب کام کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

تحریکِ انصاف نے سپریم کورٹ میں راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی چیلنج کیا ہے۔


پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر بابر حسن اور اکرام اللّٰہ کی تعیناتی غیر آئینی قرار دی جائے، محسن نقوی کا نگراں وزیرِ اعلیٰ تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے، راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی غیر آئینی ہے، اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے اور آئینی ذمے داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، الیکشن کمیشن کی تشکیل آرٹیکل 218 کے تقاضوں پر پوری نہیں اترتی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے اور اپنی آئینی حیثیت کھو چکا ہے، اس کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ قرار دے کہ جانبدار الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں کرا سکتا۔

تحریکِ انصاف نے درخواست کی ہے کہ سپریم کورٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کو متحرک کر کے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کرے، عدالتِ عظمیٰ ایسے اقدامات کرے جس سے پنجاب اور دیگر صوبوں میں جمہوری حکومت قائم ہو، محسن نقوی کو پنجاب میں کابینہ تعینات کرنے سے روکا جائے۔

تحریکِ انصاف نے درخواست میں محسن نقوی، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران، وفاق، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، راجہ ریاض، چیف سیکریٹری پنجاب اور خیبر پختون خوا کو بھی فریق بنایا ہے۔

الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو تعینات کیا

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعینات کر دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کے تجویز کردہ محسن رضا نقوی کو متفقہ طور پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب نامزد کر کے اس تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

محسن رضا نقوی نے حلف اٹھا لیا اور بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب ذمے داریاں انجام دینا شروع کر دیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ ق کی جانب سے محسن رضا نقوی کی بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعیناتی کو مسترد کر دیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم کو محسن نقوی کی بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت کی تھی۔