گلوکارہ شاہدہ منی کا نیا سونگ ’میں نہ جمدی‘ ریلیز

January 31, 2023

معروف گلوکارہ شاہدہ منی نے اپنا نیا سونگ’میں نہ جمدی‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا۔

اس گانے کو خصوصی طور پر ریمکس کیا گیا ہے جس کو نامور میوزک پروڈیوسر نعمان رؤف حیدر نے پروڈیوس اور اس کا میوزک، ڈائریکٹر مجتبیٰ علی نے ترتیب دیا ہے جس میں گلوکارہ شاہدہ منی اور ماڈل علی جمشید نے ماڈلنگ کی۔

گانے کو فلم انڈسٹری کے نامور میوزک ڈائریکٹر ماسٹر عبداللّٰہ کو ٹربیوٹ پیش کیا گیا ہے، ماسٹر عبداللّٰہ نے ماضی کی معروف لالی وڈ فلم ’شریف بدمعاش‘ میں شامل گانے ’میں نہ جمدی‘ کا میوزک ترتیب دیا تھا۔

اس حوالے سے میلوڈی کوئین گلوکارہ شاہدہ منی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر فنکار کا کوئی نہ کوئی آئیڈیل ہوتا ہے جس سے وہ بہت متاثر ہوتا ہے، گائیکی کی دنیا میں ملکہ ترنم نور جہاں میری پسندیدہ گلوکارہ ہیں اور میں انہیں اپنا روحانی استاد مانتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ان کا گایا ہوا گانا اور لیجنڈ موسیقار ماسٹر عبداللّٰہ کا تیار کردہ میوزک کو ریمکس کرکے ان کو ٹربیوٹ پیش کیا ہے جس کو میوزک کی دنیا اور میرے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر گانے کے پروڈیوسر نعمان حیدر رؤف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا میوزک ہر لحاظ سے اتنا شاندار ہے کہ ایک ایک ماضی کا گیت اپنی الگ پہچان رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دور جدید کے میوزک اور نئے سننے والوں کو ایک خوبصورت گیت تیار کرکے دیا ہے جس کو ریلیز کرتے ہی میوزک کے چاہنے والوں سے بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

اس گیت میں استعمال ہونے والے ملبوسات معروف فیشن ڈیزائنرز بی جی نے تیار کئے ہیں جبکہ اس گانے کو ہدایتکار شعیب رائے نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس کا میوزک مجتبیٰ علی نے ترتیب دیا ہے