پولیس بیوگان کا گزارہ الاؤنس 25 ہزار کرنے کا فیصلہ

January 31, 2023

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس شہداء اور آپریشنز میں معذور ہو جانے والوں کی ویلفیئر کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے تمام شہداء کے زیر التواء واجبات ایک ہفتہ کے اندر کلئیر کرنے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے کہاکہ دوران ڈیوٹی انتقال کرجانے والے پولیس ملازمین کی بیوگان کا گذارا الاؤنس (8500 روپے ماہانہ) موجودہ معاشی صورتحال میں انتہائی ناکافی ہے، لہذا پولیس بیوگان کا گذارا لاؤنس بڑھا کر محنت کشوں کی کم از کم حکومتی منظور کردہ اُجرت25ہزار کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جن پولیس ملازمین کا دس برس کی سروس سے قبل انتقال ہوگیا ہو انکی بیوگان کا گذارا الاؤنس بھی بڑھا کر محنت کشوں کی منظور کردہ اُجرت کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایسے ملازمین کی بیوگان کو گذارا الاؤنس متوفی کی ریٹائرمنٹ عمر تک باقاعدگی سے ملتا رہے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس شہداء کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کیلئے رولز کو مزید آسان کیا جارہا ہے اور اوپن میرٹ پر آنے والے پولیس شہداء کے تمام بچوں کو محکمانہ بھرتی کے عمل کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اگر شہید کوٹے پر بھرتی کیلئے متعلقہ ضلع میں سیٹ دستیاب نہیں تو شہید کے بچے کو صوبہ کے کسی بھی دوسرے ضلع میں جہاں سیٹ دستیاب ہو و فی الفور بھرتی کیا جائے۔ ۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس کے غازیوں کے میڈیکل کلیم فوری کلئیر کئے جائیں ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایسے تمام غازی جو مکمل معذور ہوچکے ہیں ان کیلئے خصوصی پیکج پر کام کیا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دوران ڈیوٹی حادثہ والے شہداء کے پیکج کو ریوائز کیا جا رہا ہے اور ایسے شہداء کی فیملیز کو پوری تنخواہ دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فرض کی راہ میں اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذور ہوجانے والے پولیس کے بہادر غازیوں کے مالی پیکج میں اضافہ کا فیصلہ کیاجائے گا اور اس حوالے سے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی آئی ٹی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو سات روز میں اپنی سفارشات تیار کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈاجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ مختلف برانچوں کے دفتری امور بارے فوری فیصلہ سازی کیلئے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے بلایا جائے گا