آرتھر کے نامزد یاسر عرفات کو اسسٹنٹ کوچ لگانے پر غور

February 03, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ برطانوی نژاد پاکستانی فاسٹ بولر یاسر عرفات کو شان ٹیٹ کی جگہ پاکستان ٹیم کا بولنگ کوچ اور مکی آرتھر کا اسسٹنٹ مقرر کرنے پر غور کررہا ہے۔ مکی آرتھر کی عدم موجودگی میں وہ ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر ڈائریکٹر کرکٹ کی حیثیت سے کنسلٹنٹ کے طور پر بیک وقت پاکستان ٹیم اور ڈاربی شائر کیلئے کام کریں گے۔ ان کا معاہدہ اس نوعیت کا بنایا جارہا ہے جس طرح سری لنکا ٹیم کے ساتھ مہیلا جے وردھنے منسلک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 54سال کے مکی آرتھر نے بولنگ کوچ کیلیے 40سالہ یاسر عرفات کا نام تجویز کیا ہے۔ انہوں نے چند ہفتے قبل لیول فور کوچنگ کورس کیا تھا۔ یاسر نے گزشتہ کرکٹ بورڈ میں بھی کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی تھی ۔ راولپنڈی میں 12 مارچ 1982کو پیدا ہونے والے یاسر عرفات نے فروری 2000سے ستمبر 2012تک3 ٹیسٹ، 11ون ڈے اور 13ٹی 20بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ وہ مستقل انگلینڈ میں قیام پذیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد یہ طے پایا ہے کہ وہ جب قومی ٹیم کو دسیتاب نہیں ہونگے تو اس وقت یاسر عرفات ہی کوچنگ کے تمام معاملات دیکھا کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی بنانے کے بعد اب کوچنگ اسٹاف پرتوجہ مرکوز کی ہے لیکن تمام فیصلوں میں مکی آرتھر کی رائے کو اہمیت دی جارہی ہے۔