کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اسٹیو اسمتھ کے اچانک ان فٹ ہونے کی وجہ سے عثمان خواجہ کو آخری لمحات میں آسٹریلوی ٹیم میں جگہ ملی ۔ انہوں نے دس چوکوں کی مدد سے82رنز کی اننگز داغ دی۔ بدھ کو تیسرے میچ کے پہلے روز اختتام تک آسٹریلیا نے 8وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنالیے۔ مچل اسٹارک 33اور نیتھن لائن بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اوپنرز جیک ویدرالڈ 18 اور ٹریوس ہیڈ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹاس سے صرف 20 منٹ قبل اسٹیو اسمتھ کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے عثمان خواجہ نے مارنس لبوشین کے ہمراہ 61 رنز کی شراکت قائم کی۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹیو اسمتھ اچانک بیماری کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ۔ ایک دن پہلے آئی پی ایل میں سب سے مہنگے فروخت ہونے والے کیمرون گرین بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔ ایلکس کیری نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔دریں اثناء ایشز ٹیسٹ میں اسنیکو میٹر آپریٹر کی غلطی نے آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری کو نئی زندگی دی اور انہوں نے یادگار سنچری داغ دی۔ ایک موقع پر کیری کے بیٹ سے گیند لگنے کے شبہے پر اسنیکو میں آواز ظاہر ہوئی، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ غلط اسٹمپ مائیکروفون منتخب کیا گیا تھا۔ اسی تکنیکی غلطی کے باعث کیری کو آؤٹ قرار نہ دیا جا سکا۔