پشاور جیسے واقعات کیخلاف متحد ہوکر عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے، کمیونٹی رہنما

February 03, 2023

مانچسٹر (علامہ عظیم جی)سانحہ پشاور قابل مذمت ہی نہیں عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ اور پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پاکستانی قوم اور عالمی امن کے خواہاں رہنماؤں کو دہشت گردی کے خلاف متحد اور منظم ہو کر عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار برطانیہ بھرکےمختلف رہنماؤں نے مذمتی بیان میں کیا۔ لیبر پارٹی برطانیہ کے مرکزی رہنما شیڈو وزیر انصاف افضل خان نے کہا کہ پشاور میں مسجد پر دہشت گردوں کا حملہ اورمیانوالی میں دہشت گرد حملے کی کوشش قابل مذمت ہے، ایسے وقت میں پوری قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہوکر سیکورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے اور دہشت گردوںکو ناکام بنانا چاہئے،انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت مختلف مسائل کا شکار ہیں ایسے وقت میں پاکستان میں دہشت گردی نہایت ہی قابل تشویش ہے ۔قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر کے صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے سانحہ پشاور کی کی مذمت کرتے ہوئے ہوئے شہداء کیلئےدعائے مغفرت کی۔ مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا اور نمازیوں کو شہید کیا گیا درد ناک ہے، یہ ایک بڑا سانحہ ہے۔ برٹش مسلم ہیریٹیج سنٹر مانچسٹر کے چیئرمین ناصر محمود نے کہا کہ نہایت افسوسناک سانحہ ہے پاکستانی قوم قوم کو متحد ہوکر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ بلیک سٹون ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر چوہدری طاہر صدیق نے کہا کہ کہ پشاور کا سانحہ پوری قوم کیلئے سوگ وقت ہے، پاکستانیوں کو متحد ہوکر ان دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہو جانا چاہیے۔ اوورسیز پاکستانی بزنس فورم کے چیئرمین مصطفی کمال شیخ نے کہا کہ پشاور کا واقعہ اور میانوالی میں دہشت گردوں کے حملے کی کوشش پاکستان کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے جس میں بھارت بھی ملوث ہو سکتا ہے۔ حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کےصدر استاد محمد صفدر نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف عوام کو مل کر سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ کونسلر رب نواز، کونسلر شوکت علی، چوہدری عبد الکریم، چوہدری قمر،قاری جاوید اختر چشتی، چوہدری نصیر احمد ساہیوالی،زمان رانا، توصیف احمد، محمد افضل، سید نعمان شاہ رضوی، سیدعبدالرحمن شاہ، چوہدری محمد ارشد گجر، چوہدری فاروق چیمہ، ظفر راٹھور، افتخار احمد، فاروق قریشی، محمد صفدر بلوچ، راجہ صغیر احمد اور دیگر نے بھی پشاور کے سانحہ کے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی اور سوگواروں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔