اپسم کالج کی سربراہ گھر میں شوہر اور بیٹی کے ساتھ مردہ پائی گئیں

February 07, 2023

لندن (پی اے) اپسم کالج کی سربراہ45سالہ ایما پیٹی سن اسکول گرائونڈ میں واقع گھر میں اپنے 39سالہ شوہر جارج اور7سالہ بیٹی لیٹی کے ساتھ مردہ پائی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے یقین ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ ہے اور اس میں کوئی تیسرا فریق ملوث نہیں ہے۔ لوکل ایمبولینس سروس نے سرے میں واقع اسکول میں پولیس کو طلب کیا تھا۔ تفتیشی انسپکٹر کمبال ایڈے کا کہنا ہے کہ سرے پولیس کی جانب سے میری ٹیم اور میں سب سے پہلے ایما، ان کی بیٹی لیٹی اور شوہر جار کی فیملی اور دوستوں کے علاوہ اپسم کالج کے طلبہ اور اسٹاف سے اس المناک سانحے پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور یہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم اس واقعے کی تفصیلی تفتیش کریں گے، ہمیں امید ہے کہ اس طرح ہم اس المناک واقعے سے متاثر ہونے والوں کو کچھ سکون مل سکے گا۔ انھوں نے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔ پیٹی سن 6 سال تک جنوبی لندن کے Croydon اسکول میں ہیڈ ٹیچر کے فرائض انجام دینے کے بعد 5 ماہ قبل ہی اپسم کالج کی پہلی خاتون سربراہ کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں، ان کے شوہر جارج چارٹرڈ اکائونٹنٹ تھے اور منیجمنٹ کنسلٹنسی فرم ٹینگل ووڈ 2016 کے ڈائریکٹر تھے۔ اپسم کالج کے بورڈ آف گورنرز کے سربراہ نے مرحومہ کو ایک دلپسند شخصیت اور شاندار ٹیچر قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اپسم کالج میں ہر ایک کی طرف سے میں اس تکلیف دہ خبر پر اپنے تاثر اور دلی صدمے کا اظہار کرتا ہوں۔ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ایما کی فیملی، دوستوں، پیاروں اور کالج میں بہت سے طلبہ کے ساتھ ہیں۔ Croydon ہائی اسکول میں زیر تعلیم ایک طالبہ کے والدہ نے کہا ہے کہ اس المناک خبر سے مجھے صدمہ پہنچا۔ انھوں نے کہا کہ اپنے دور میں انھوں نے ہیڈ ٹیچر کے طورپرانھوں نے بہت سے اقدامات کئے، جس سے طلبہ کی زندگیوں کو فائدہ ہوا، وہ تمام بچوں کو ان کے نام سے پہچانتی تھیں، ان میں یقیناً وہ تمام خصوصیات موجود تھیں، جو ایک ہیڈ ٹیچر میں ہونی چاہئیں۔ اتوار کی رات اپسم کالج کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں عوام اور میڈیا سے کہا گیا ہے کہ وہ ایما کی فیملی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ اس المناک واقعے کے بعد اسکول نے پال ولیمز کو قائم مقام ہیڈ ماسٹر مقرر کردیا ہے۔ مقامی ایم پی کرس گریلنگ نے کہا ہے کہ یہ دلدوز المیہ ہے اور میری دعائیں ان کی فیملی اور دوستوں اور اپسم کالج کے ہر ایک کے ساتھ ہیں۔ انسپکٹر جو والے اپسم اور ایویل برو کمانڈر نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ المناک سانحہ ہے، جس نے لوکل کمیونٹی کو پریشان کردیا ہے لیکن ہم اسے اپنی نوعیت کا واحد واقعہ تصور کرتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہمارے مقامی افسران علاقے میں موجود رہیں گے اور طلبہ، والدین اور اساتذہ کے علاوہ مقامی کمیونٹی کو بھی دلاسا دیتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میں اسکول اور کمیونٹی کا معاملے کو سمجھنے اور صبر کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس کالج کے رہائشی طلبہ 42,000 پونڈ سے زیادہ ادا کرتے ہیں اور اس سے فارغ التحصیل ہونے والوں میں کنزرویٹو پارٹی کے ایم پی سر مائیکل فیلن، براڈ کاسٹر جیریمی وائن اور ان کے بھائی، کامیڈین ٹم وائن شامل ہیں، اسکول میں لڑکے اور لڑکیوں کی مخلوط تعلیم ہے، یہ اسکول 1853 میں قائم کیا گیا تھا اور اس وقت سے اس کا شمار بہترین اسکولوں میں ہوتا ہے۔