کشمیری عوام عشروں سے بھارتی ظلم کا شکار اور ان کی منزل پاکستان ہے، کشمیری رہنما

February 07, 2023

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) بریڈفورڈ قونصلیٹ میں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کےحوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ قونصل جنرل ابرارحسین نے صدر ،وزیراعظم اور وزیرخارجہ پاکستان کے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سےپیغامات پڑھے، اس موقع پر بھارت کی جانب سےمقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم پر مبنی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس موقع پر برطانیہ کے دورہ پر آئی ہوئی ممبر قانون سازاسمبلی آزادکشمیر پروفیسر تقدیس گیلانی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میںبھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری جبری نظر بندی، ماورائےعدالت قتل، خواتین اور بچوں پر تشدد اور مواصلاتی بندش کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پچھلے کئی عشروں سےبھارتی ظلم و جبر کے شکار ہیں اس ضمن میں پاکستان نے روز اوّل سے کشمیر اور کشمیری قوم کی سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والےظلم وزیادتی کو دنیا کے ہر فورم پر اُجاگر بھی کرتا آرہاہے. انہوں نے کہا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کا متوالا ہے اور ان کی منزل ہمیشہ پاکستان رہی ہے۔ قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ بریڈفورڈ ابرارحسین نے کہا کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں کاز کیلئےجدوجہد کوئی اچھنبے کی بات نہیں، کشمیریوں کی جدوجہد کسی خطے کے حصول کیلئے نہیں بلکہ یہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مسئلےکے حل کیلئے آواز بلند کرنا ہے، کشمیریوں کے ساتھ ہمارا رشتہ ایک نظریاتی رشتہ ہے۔ تقریب کی نظامت سرفراز احمد نے کی اس موقع پر پاکستانی اور کشمیریوں سمیت تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے راجہ نجابت حسین ، راجہ غضنفر خالق ،رنگ زیب ،کونسلر صبیحہ خان ، کنیز اختر ،یونس چوہدری ، راجہ اے ڈی خان ،ہیری بوٹا ،آصف خان ،تسنیم حسن ، یعقوب مسیح اوردیگر نے شرکت کی۔