ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 5 ہزار سے زائد ہوگئیں

February 07, 2023

ترکیہ اور شام میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آنے والے زلزلے سے اب تک مجموعی اموات 5 ہزار سے زائد ہو گئیں۔

ترکیہ میں اموات 3 ہزار 419 ہو گئیں

ترک نائب صدر کا کہنا ہے کہترکیےمیں زلزلے سے اموات کی تعداد 3 ہزار 419 ہوگئی ، شدید موسم امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہاہے۔

شام میں اب تک 1602 اموات

دوسری جانب شام میں زلزلےسےاموات کی مجموعی تعداد1ہزار 602 ہوگئی۔

وسطی ترکیہ میں 5.6 شدت کا آفٹر شاک

یورپین میڈیٹیرین زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ترکیہ کے وسطی حصے میں 5.6 شدت کا ایک اور آفٹر شاک محسوس کیا گیا ہے۔

امریکی صدر کا ترک ہم منصب کو فون

امریکی صدر جو بائیڈن نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو فون کر کے زلزلے کے بعد ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر گفتگو کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے ترک ہم منصب سے گفتگو کے دوران ریلیف آپریشن میں ترکیہ کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔

7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آئے زلزلے نے تباہی مچا دی، دونوں ممالک میں کم و بیش 5 ہزار 600 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز 23 کلو میٹر جنوب میں تھا اور اس کی گہرائی 17.9 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔

گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے شدید جھٹکے 1 منٹ تک محسوس کیے گئے تھے، جبکہ زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔

قدرتی آفت کی وجہ سے ترکیہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، متاثرہ علاقوں میں 13 فروری تک اسکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ حکمرانوں نے عالمی امداد کی اپیل کی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق ایمرجنسی کے بعد غازی انتپ اور حاطے ایئرپورٹ پر سول پروازیں معطل کی گئی ہیں، ترک صوبے حاطے میں قدرتی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑکنے کے بعد گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

ترکیہ اور شام میں آنے والا یہ زلزلہ 100 سال کا بدترین سانحہ ہے اور یہ 1939ء کے بعد ترکیہ میں سب سے بڑی آفت ہے۔

ترکیہ اور شام کے علاوہ قبرص، یونان، اردن ،لبنان اور اسرائیل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ان ممالک سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔