HBL، PSL ، افتتاحی تقریب کی تیاری، جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی، آفیشلز سونگ مشہور گلوکار گائیں گے

February 08, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا آفیشل سانگ اگلے دو دن میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔شائقین تیار ہوجائیں، پی سی بی کے مطابق ملتان میں پیر کو افتتاحی تقریب یادگار ہوگی جس میں کئی ستارے ایکشن میں ہوں گے، جدید اے آر اور وی آر ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا۔ اس طرح ڈیجیٹل تھری ڈی اینیمیشن سے کھلاڑیوں کی تصاویر سے لطف اندوز ہوا جا سکے گا ۔ اس دوران شائقین انکلوژرز میں چمچمانے والے خصوصی بینڈز پہنیں گے۔ شاندارآتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آفیشل اینتھم مشہور گلوکار عاصم اظہر، شائے گل اور فارس شفیع نے گایا ہے جسے عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے۔ ادھر لاہورقلندرز نے جمعرات کو قلندرز نائٹ منانے کا اعلان کیا ہے۔ پی ایس ایل 8 کیلیے لاہور قلندرز کی آفیشل کٹ اور گانا بھی قلندرز نائٹ میں لانچ کیا جائے گا۔ قلندرز سٹی کا بھی افتتاح ہوگا۔ قلندرز نائٹ کی یہ تقریب الحمراء کلچرل کمپلیکس لاہور میں منعقدکی جائے گی۔ ایونٹ میں لاہور قلندرز کے تمام کھلاڑی اورمینجمنٹ شرکت کرے گی۔ اس موقع پر فخر زمان اہم اعلان کریں گے۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ سے سبکدوش ہونے کے باوجود رمیز راجا پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری نہیں کرسکیں گے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجا نے چیئرمین ہوتے ہوئے کمنٹری پینل کو حتمی شکل دی تھی جس پر براڈ کاسٹرز نے معاہدے کردیے۔ واضح رہے کہ کچھ دن پہلے رمیز راجا نے دعوی کیا تھا کہ مجھے کمنٹری نہیں دی جائے گی۔ کمنٹری پینل میں سائمن ڈول، ایلن ولکنز، وقار یونس ، ڈینی موریسن، عروج ممتاز، بازید خان، نک نائٹ، ثنا میر ، ڈیرن گنگا ، مارک بوچر، ڈومینک کارک، ورنن فلینڈر، سکندر بخت، مرینہ اقبال اور طارق سعید جبکہ پریزینٹرز میں ایرن ہالینڈ اور زینب عباس شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجا نے چیئرمین بننے کے بعد کمنٹری کے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔ انہوں نے کچھ لوگوں کو باہر کیا اور کچھ انگریزی کمنٹیٹر کو صرف اردو کمنٹری تک محدود کردیا تھا۔