عادل درانی سے تنازع، راکھی ساونت کی حمایت میں سابقہ شوہر سامنے آگیا

February 08, 2023

راکھی ساونت کے سابقہ شوہر رتیش سنگھ نے عادل درانی کے ساتھ شادی کے بعد مشکلات میں گھری اداکارہ کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رتیش نے راکھی ساونت کی حالیہ حالت دیکھتے ہوئے کہا کہ ’میں تمہارے ساتھ ہوں‘۔

راکھی ساونت نے عادل درانی سے قبل رتیش سے شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں بگ باس 15 کا حصہ بنے، لیکن شو کے اختتام کے بعد وہ الگ ہوگئے۔

عادل درانی سے شادی کے بعد راکھی ساونت کی مشکل صورتحال کو دیکھتے ہوئے رتیش سنگھ ان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

حالیہ سوشل میڈیا لائیو کے دوران رتیش سنگھ نے کہا کہ وہ راکھی ساونت کے ساتھ کھڑے ہوں گے، چاہے کچھ بھی ہو، یقین دلاتا ہوں کہ میں آپ کے (راکھی) ساتھ ہوں۔

انہوں نے ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ راکھی ساونت نے مجھے 3 ماہ قبل فون کرکے عادل کے ساتھ چل رہے مسائل سے آگاہی دی تھی۔

رتیش سنگھ نے مزید کہا کہ فیصلہ عدالت نے کرنا ہے لیکن سچائی راکھی کی آنکھوں میں دیکھی جاسکتی ہے، سابقہ اہلیہ نے فون پر سب کچھ بتایا، مجھے نہیں لگتا کہ وہ جھوٹ بول رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوران گفتگو میں نے راکھی سے کہا تھا کہ دل ٹوٹنے کے باعث ہونے والے غم کا آپ کو پتا چل رہا ہوگا، میں بھی پریشان رہ چکا ہوں، جو درد تمہیں ہو رہا ہے وہ مجھے بھی رہ چکا ہے، میں پھر بھی تمہارے ساتھ ہوں۔

دوران گفتگو رتیش نے راکھی ساونت سے اپنے تنازع کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ اداکارہ نے مجھے دھوکا دیا تھا، میں تعلیمی اور پروفیشنلی بہت اچھا ہوں، میں سیلف میڈ انسان ہوں، مجھے کسی چیز کی کمی نہیں، میں نے دھوکا کھایا اور لوگوں نے مجھے ہی غلط قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اور تمہارا بھائی ساتھ ہیں، ہم ہمیشہ تمہارے ساتھ کھڑے ہیں۔

رتیش سنگھ کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب راکھی ساونت نے اپنے شوہر عادل درانی پر گھریلو تشدد کا الزام لگایا ہے، جسے 7 فروری کو ممبئی پولیس نے گرفتار کیا۔