ایف 9 پارک واقعے پر نور عالم خان کا آئی جی اسلام آباد سے سوال

February 08, 2023

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان نے ایف 9 پارک اسلام آباد میں لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر آئی جی سے سوال پوچھ لیا۔

پی اے سی اجلاس نور عالم خان کی سربراہی میں ہوا، جس میں آئی جی اسلام آباد بھی پیش ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ ایف نائن پارک میں لڑکی کے ساتھ واقعہ پیش آیا، سیف سٹی کہاں ہے؟ کیا کیمرے لگے ہوئے ہیں؟

نور عالم خان نے سوال اٹھایا کہ پولیس اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) افسران کے خلاف کیا کارروائی کی؟

آئی جی نے جواب دیا کہ ایف 9 پارک واقعے کی تحقیقات چل رہی ہیں، گزشتہ 6 ماہ میں اسلام آباد میں 900 کیمرے لگائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف 9 پارک میں مزید کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔

اس پر چیئرمین پی اے سی نے پوچھا کہ معاملے کی انویسٹی گیشن میں کتنا وقت لگے گا؟ اس پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں، جلد از جلد نتیجے پر پہنچیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں لڑکی سے زیادتی کا واقعہ جمعرات 2 فروری کو رونما ہوا تھا، پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، اس حوالے سے سی آئی اے نے مشکوک افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

فارنزک ٹیم نے ایف نائن پارک اسلام آباد میں جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے تصاویر لیں، ٹیم نے ایف نائن پارک اسلام آباد کے جنگل ایریا کا دورہ کیا اور شواہد بھی اکٹھے کیے۔

پولیس نے 100 سے زائد مشکوک افراد کی متاثرہ لڑکی سے شناخت کروائی اور کہا کہ ملزمان مسلح تھے، شبہ ہے ان کا تعلق کسی ڈکیت گینگ سے ہو سکتا ہے۔

دوسری طرف پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کچھ ٹی وی چینلز کی جانب سے ایف 9 پارک واقعے کی غلط رپورٹنگ کے بعد تمام میڈیا پر واقعے کی کوریج کرنے پر پابندی لگادی۔