• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان میں مسلم سیاحوں کے لئےمنفرد فیچروالی ایپ متعارف

ایتھنز (مرزارفاقت حسین ) یورپ کے قدیم ملک یونان میں ادارہ گلزار زینب کی جانب سے مسلم صارفین کی سہولت اورمسلم سیاحوں کی رہنمائی کیلئے پاکستانیوں کی جانب سے پہلی مسلم موبائل ایپ (Muslims.GR)متعارف کرادی گئی۔اس سلسلہ میں ایتھنز کے مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کےمعروف مذہبی اسکالرعلامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خصوصی شرکت کی اوریونان میں مقیم مسلمانوں کیلئے پہلی موبائل ایپلی کیشن کی رونمائی کی۔ تقریب میں پاکستان ، عراق ، فلسطین ، شام، مصر، ایران اور مراکش کے سفارتکار وں سمیت مختلف مسلم اکابرین نے بھی شرکت کی۔یہ اسمارٹ موبائل ایپ اسلامی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم دوست تجربے کے طور پر پیش کی گئی ہے جو کہ ابتدائی طور پر انگریزی ، یونانی ، عربی ، فارسی اور اُردو زبانوں پر مشتمل ہے،یہ ایپ فی الحال صرف اینڈرائیڈ(Android)موبائل صارفین کیلئے میسرہوگی تاہم مستقبل میں اسِ ایپ کو دیگر موبائل سسٹمزکیلئےبھی قابل استعمال بنا دیا جائے گا۔اس موبائل ایپ کے ذریعے نماز پنجگانہ کے اوقات شرعی اور (Masjid Finder) کے منفرد فیچر سے یونان بھر میں موجود اسلامی مراکز کے صحیح مقام جب کہ خانہ کعبہ کی سمت بھی تلاش کی جاسکے گی۔ یہ موبائل ایپ یونان میں بسنے والے مسلم صارفین کوپیدائش ، اموات اور شادی کی رجسٹریشن جیسے متفرق معمولات سے متعلق جامع معلومات کی دستیابی کے ساتھ مسلمانوں کیلئے موجود مقامی قوانین اوردینی اداروں کے قیام کیلئے قوائد و ضوابط سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرےگی۔یونان کیونکہ سیاحتی ملک ہے لہٰذا مسلم سیاحوں کی ضروریات کو بھی مدِ نظر رکھا گیا ہے،سیاحت کی غرض سے یونان کا رُخ کرنے والے مسلم افراد اس جدیدموبائل ایپ کےذریعے یونان بھر میں حلال ریسٹورنٹ، حلال اسٹورزکے بارے میں رہنمائی لمحوں میں حاصل کرسکیں گے۔حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی جانب سے ایسی منفردموبائل ایپلی کیشن کاآغاز نہ صرف دین اسلام کی سرفرازی کا باعث ہے بلکہ یورپ میں سکونت اختیار کرنیوالے تمام پاکستانیوں کیلئے بھی باعث اعزاز ہے۔
یورپ سے سے مزید