بھارت: دہلی کے ایک نالے سے انسانی اعضاء برآمد

March 20, 2023

فائل فوٹو

دہلی میں زیر تعمیر عمارت کے قریب سے انسانی جسم کے کچھ اعضاء پولیس نے برآمد کر لئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے انسانی جسم کے کچھ اعضاء برآمد ہونے کے بعد نوئیڈا پولیس سے رابطہ کرلیا ہے جنہوں نے چند روز قبل سیکٹر 8 کے علاقے سے اسی نوعیت کے انسانی جسم کٹے ہوئے اعضاء برآمد کئے تھے۔

پولیس کے مطابق انہیں ہفتے کے روز جنوب مشرقی دہلی کے سرائے کالے خان علاقے میں ایک انسانی کھوپڑی، کلائی کی ہڈیاں اور دیگر چھوٹی ہڈیاں ملی ہیں جبکہ نوئیڈا پولیس نے پچھلے ہفتے کے شروع میں کٹے ہوئے بازو اور ٹانگیں برآمد کی تھیں۔

پولیس کے ڈپٹی کمشنر (جنوب مشرقی) راجیش دیو کا کہنا ہے کہ پولیس کو صبح 11.56 بجے سرائے کالے خان آئی ایس بی ٹی، رنگ روڈ کے قریب، ریپڈ میٹرو کی تعمیراتی سائٹ کے علاقے میں فلائی اوور سے ملحق انسانی جسم کے اعضاء کے بارے میں اطلاع ملی، جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد پتہ چلا کہ انسانی جسم کے کچھ حصے گلنے کے مختلف مراحل میں ہیں اور بالوں کا ایک گچھا بھی ملا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا گیا اور باقیات کو مزید تحقیقات کے لئے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ انسانی لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

دہلی پولیس کے ایک اور افسر نے بتایا کہ برآمد شدہ ہڈیوں پر کٹے ہوئے نشانات ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اس شخص کو سر پر مارا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ لاش کو دو تین دن پہلے پھینکا گیا ہے جبکہ قتل کم از کم 2 ہفتے قبل کیا گیا ہے۔

تاہم، پولیس نے کہا کہ دونوں واقعات کی ترتیب کا پتہ نہیں لگا سکے ہیں، نہ ہی کوئی عینی شاہد یا اس واقعے سے متعلق کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دہلی سے برآمد شدہ ہڈیوں کا موازنہ نوئیڈا سے ملنے والے اعضاء سے کیا جارہا ہے اور یہ پتا لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ دونوں ایک ہی شخص کی ہیں یا الگ الگ جس کے لئے اعضاء کا فارنزک معائنے کے ساتھ پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔

پولیس نے کہا کہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہیں۔