مسلح جتھوں سے نپٹنا ہوگا ورنہ ہر جماعت پٹرول بم نکال لے گی، خرم دستگیر

March 21, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلح جتھوں سے نپٹنا ہوگا ورنہ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پٹرول بم نکالنے میں آزاد ہوجائیں گی، سینئر تجزیہ کارمظہر عباس نے کہا کہ عمران خان کے کارکن ان کو کسی بھی طریقے سے گرفتار نہیں ہونے دے رہے،سینئر تجزیہ کار،نصرت جاوید نے کہا کہ عمران خان کاحتمی ہدف وزیراعظم ہاؤس پہنچنا ہے پنجاب کا وزیراعلیٰ بننا نہیں ہے ان کو بنیادی طور پر قومی اسمبلی کے انتخابات چاہئیں۔ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ تشدد کو سیاسی جماعتوں کی کامیابی کا معیار تسلیم کرلینا فاشزم کی جیت ہوگی، نواز شریف نے گوجرانوالہ میں حاضر سروس جنرلوں کے نام لے کر ان پر تنقید کی مگر ایک پتا نہیں ٹوٹا،زمان پارک کے باہر جو کچھ ہوا وہ قوم پر ڈی چوک میں گزرچکا ہے، ڈی چوک میں بھی اسی طرح پولیس اہلکاروں اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا گیا تھا، تحریک طالبان پاکستان اور تحریک لبیک کی صورت ہم مسلح جتھوں کو سہہ چکے ہیں، مسلح جتھوں سے نپٹنا ہوگا ورنہ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پٹرول بم نکالنے میں آزاد ہوجائیں گی، ایسے عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے اسے سیاسی انتقام نہیں کہا جاسکتا۔ وفاقی وزیر، خرم دستگیر نے کہا کہ ایک فاشسٹ جماعت پچھلے 9 سال سے پاکستان پر حملہ آور ہے ان کی بھی وہی توقع ہے جو1930ء میں ہٹلر کی تھی ۔ سینئر تجزیہ کار،نصرت جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ30ا پریل واقعی تاریخ طے ہوچکی ہے انتخابی پروسس بھی آن ہے اسکروٹنی کا عمل بھی اب مکمل ہونے کو ہے۔عمران خان پنجاب کی صوبائی اسمبلی کا الیکشن نہیں ہونے دینا چاہ رہے وجہ اس کی یہ ہے کہ دیگر اداروں کی عدم دلچسپی کی بنیاد پر لوکل ایڈمنسٹریشن کا کردار اس میں بڑھ جائے گا اور وہ نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔