اسلام آباد(کامرس رپور ٹر ) مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجوہات میں گیس کے نرخ ، سونے کی قیمتوں ، گند م ،د ودھ اور مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ برس دسمبر کی مہنگائی کی شرح 4.1فیصد بڑھ کر 5.6فیصد ہو گئی ، گزشتہ ایک سال میں 20کلو گرام آٹے کا تھیلا 1800 روپے سے بڑھ کر 2146روپے ہوگیا، حکام نے بتایا کہ گندم کی بوائی کے اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں اور فروری تک مکمل موسمی ہدف پورا ہونے کی توقع ہے، جس سے ملکی غذائی تحفظ مضبوط ہوگا۔ چینی اور چکن کی قیمتیں، جو سال کے آغاز میں بڑھی تھیں، نمایاں طور پر کم ہو چکی ہیں۔ چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو سے کم ہو کر تقریباً 150 روپے فی کلو رہ گئی ہے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو کولڈ چین انفراسٹرکچر پر جامع مطالعہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کولڈ چینز مارکیٹ کے جھٹکوں کو جذب کرنے، فصل کے بعد ہونے والے نقصانات کم کرنے اور طلب و رسد میں توازن کے لیے ناگزیر ہیں۔