کراچی (نیوز ڈیسک) چین امریکی کارروائی سے اسباق اور مواقع کی تلاش میں، تائیوان پر دباؤ بڑھانے کا امکان، اگرچہ بیجنگ نے کارروائی کی سخت مذمت کی ہے طاقت کے استعمال کی نئی نظیر اس کیلئے فائدہ مند ہو سکتی ہے. ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ تائیوان، جنوبی بحیرۂ چین اور آبنائے تائیوان میں بیجنگ کی سرگرمیاں تیز ہوسکتی ہیں. تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو طاقت کے ذریعے قابو میں لینے کی اچانک کارروائی بالآخر چین کے لیے امریکہ کے ساتھ عالمی مسابقت میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، اگرچہ بیجنگ نے اس فوجی مداخلت کی سخت مذمت کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے چین کو خود کو ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر پیش کرنے کا موقع ملتا ہے اور ساتھ ہی یہ نظیر چین کے لیے اپنے خطے میں، خصوصاً تائیوان، جنوبی بحیرۂ چین اور آبنائے تائیوان میں، اپنے مفادات زیادہ جارحانہ انداز میں منوانا آسان بنا سکتی ہے۔