کراچی (رفیق مانگٹ ) دبئی میں رہائشی کرایوں کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں معاہدے کی تجدید کے موقع پر بڑے پیمانے پر کرایہ بڑھانے کا رجحان کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے، اسکی بنیادی وجہ دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کا متعارف کردہ اسمارٹ رینٹل انڈیکس ہے، جس نے کرایہ طے کرنے کے عمل کو زیادہ شفاف اور ڈیٹا پر مبنی بنا دیا ہے، اسمارٹ رینٹل انڈیکس نے تجدیدی معاہدوں میں بڑا اضافہ روک دیا، اسمارٹ رینٹل انڈیکس کے بعد کرایہ مذاکرات ڈیٹا پر مبنی ہو گئے، عمارت کی حالت، مقام اور سہولیات کرایہ تعین کا نیا سائنسی معیار بن کر سامنے آگیا ہے۔ اس تبدیلی کی ایک واضح مثال دبئی کے علاقے القصیص/الکوذ میں رہنے والے کرایہ دار کا کیس ہے، جن کا سالانہ کرایہ گزشتہ تین برسوں میں 48 ہزار درہم سے بڑھ کر 56 ہزار 700درہم ہو چکا تھا۔ مارچ 2026میں معاہدے کی تجدید سے قبل انہیں مزید اضافے کی اطلاع دی گئی، جس کے تحت کرایہ 63 ہزار درہم مقرر کیا جا رہا تھا۔کرایہ دار نے روایتی بحث یا ہمسایوں سے موازنہ کرنے کے بجائے دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے اسمارٹ رینٹل انڈیکس سے رجوع کیا۔