مذاکرات کے ذریعے مزدوروں کے تحفظات دور کئے جائیں، ٹی ایل پی

March 21, 2023

کوئٹہ(پ ر)تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ اور صوبائی امیر مفتی وزیر احمد رضوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزدوروں کے جائز مطالبات پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ذمہ داران کردار ادا کریں، اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کرنا مزدوروں کا آئینی قانونی جمہوری حق ہے، کورونا کے نام پر مزدوروں کا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا ان سے مذاکرات کرکے تحفظات دور کئے جائیں ، نظر انداز کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے پہلے کے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو تحریک لبیک پاکستان ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے کام کرنے والے مزدوروں کیلئے جینا اور مرنا دونوں مصیبت کی مانند ہیں ،جینے کیلئے روزگار کا حصول مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام میں مزدور کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے جس کے لئے متعدد احادیث مبارکہ میں یہ سختی کے ساتھ تاکید کی گئی ہے کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کا حق ادا کیا جائے، مومن وہ ہے جو اپنے غلام یا ماتحت کے حقوق کا خیال رکھتا ہے اور جو کچھ اپنے لئے پسند کرتا ہے وہی اپنے ماتحت اور غلام کیلئے بھی پسند کرتا ہے ۔