سستا پٹرول اسکیم

March 22, 2023

عام آدمی بگڑتے ہوئے معاشی حالات کے ہاتھوں پریشان ہے۔ اشیائے خوردونوش غریب کیا متوسط طبقے کی استطاعت سے بھی باہر ہو گئی ہیں۔ ایسی صورت حال میں وزیر اعظم کی جانب سے سستا پٹرول اسکیم کے تحت موٹر سائیکل ، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے ریلیف اور سبسڈی دینے کا فیصلہ مستحسن اقدام ہی قرار دیا جائے گا۔ موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدنی والے غریب عوام کی سواری ہے۔ حکومت نے پہلے ان کیلئے 50روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا جسے اب وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پربڑھا کر 100روپے کر دیا گیا ہے جس پر 6ہفتوں میں عمل ہو گا۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب امیر اور غریب کیلئے پٹرول کی قیمت میں 100روپے کا فرق ہو گا۔ پٹرول سستا کرنے کیلئے میکنزم بنایا جا رہا ہے۔ غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل پر ماہانہ 21لیٹر پٹرول استعمال کرتا ہے۔ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں 2سے 3 لیٹر پٹرول فراہم ہو گا۔ 800 سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پٹرول پر 30لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی۔ایک وقت میں گاڑی میں 5سے 7لیٹر پٹرول ڈالا جائے گا۔ اس سکیم کے تحت اہل افراد کو ان کے موبائل پر مسیج موصول ہو گا اور اس مسیج کو پٹرول پمپ پر دکھا کر پٹرول وصول کرسکے گا ۔پٹرول سے پہلے گیس کی قیمتوں کا ٹیرف بھی الگ کیا گیا تھا جس پر یکم جنوری سے نفاذ ہو چکا ہے۔ امیر ، غریب کے ٹیرف میں فرق کی پالیسی ابھی صرف دو چیزوں (گیس پٹرول) پر ہے تاہم یہ پالیسی اب ہر چیز پر نظر آئے گی۔ غریب آدمی کو بھرپور ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات ہیں ۔ حکومت کی جانب سے ریلیف کے اعلانات خوش آئند ہیں تاہم اس امر کو یقینی بنانا ہو گا کہ سبسڈی ان لوگوں کو منتقل ہو جن کو حقیقتاً اس کی ضرورت ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998