پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے: زلمے خلیل زاد

March 22, 2023

—فائل فوٹو

امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے۔

یہ بات امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے جاری کیے گئے بیان میں پاکستان کی سیاسی صورتِ حال کے حوالے سے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے عمران خان کو ریاست کا اولین دشمن قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحران کو گہرا کر دیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پہلے ہی کچھ ممالک طے شدہ سرمایہ کاری منصوبے معطل کر چکے ہیں، آئی ایم ایف سپورٹ اب تک مشکوک ہے۔

امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان نے مزید کہا ہے کہ ایسے اقدامات کیے گئے تو پاکستان کی بین الاقوامی سپورٹ کم ہو جائے گی۔

زلمےخلیل زاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے سیاسی افراتفری اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔