قوی خان کو مرنے کے بعد نشان امتیاز نوازے جانے پر یاسر حسین کا ردّ عمل

March 25, 2023

بشکریہ انسٹاگرام

یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات دینے کی تقریب میں مرحوم لیجنڈری اداکار قوی خان کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا تو پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار، میزبان و ہدایت کار یاسر حسین کو منیر نیازی کی یاد ستانے لگی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے مرحوم لیجنڈری اداکار قوی خان کو نشانِ امتیاز سے نوازنے پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

انہوں نے لیجنڈری اداکار قوی خان کو اس دنیا سے رخصت ہونے کے بعد سراہے جانے پر منیر نیازی کی مشہور نظم ’دیر کر دیتا ہوں کے چند اشعار اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کیے۔

انہوں نے لکھا کہ ’ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں، ضروری بات کہنی ہو کوئی وعدہ نبھانا ہو، اسے آواز دینی ہو اسے واپس بلانا ہو، ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’چلو دیر آئے درست آئے، 50 سے اوپر کے سب ہی اچھے فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی سارے تمغے دے دو، رکھ کے کیا کرنا ہے‘۔

یاد رہے کہ یومِ پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر مختلف شخصیات کو سرکاری سول اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

شوبز انڈسٹری سے اداکار بہروز سبز واری، مرحوم ہدایت کار، اسکرین پلے رائٹر اور صحافی شیخ ریاض شاہد عرف ریاض شاہد اور میزبان و گلوکار فخر عالم کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔