• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’میں مشکل سوالات سے بھاگنے والا نہیں‘، شمعون عباسی نے بیٹی سے اختلافات پر خاموشی توڑ دی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایتکار اور مصنف شمعون عباسی نے اپنی بیٹی و اداکارہ عنزیلہ عباسی سے اختلافات پر خاموشی توڑ دی۔

حال ہی میں شمعون عباسی نے ساتھی کامیڈین اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ اختلافات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ذاتی معاملات کو پوڈکاسٹس پر زیرِ بحث لانے کے حق میں نہیں ہوں، تاہم اگر میرے بارے میں اس پلیٹ فارم پر کچھ کہا جائے گا تو میں اپنا دفاع ضرور کروں گا، اس کا مجھے حق حاصل ہے۔

بیٹی کے ساتھ اختلافات پر بات کرتے ہوئے شمعون عباسی نے کہا کہ ’مجھے پہلے یہ بتائیں کہ ’’وہاں ہونے‘‘ سے آخر کیا مراد ہے؟ اگر عنزیلہ کی ماں کی بات کریں تو ہم 13 سال تک ساتھ رہے۔ مجھے یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ میں نے اپنے خاندان کے لیے کیا کچھ کیا۔ ہم ایک دوسرے کے لیے ذمہ دار تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایک وقت ایسا آیا جب کوئی میرے ساتھ رہنا نہیں چاہتا تھا تو ہم الگ ہو گئے۔ میں کبھی اپنی بیٹی سے دور نہیں ہوا، ہم ہمیشہ قریب ہی رہے۔ میں پاکستان میں ہی تھا، ملک سے باہر نہیں گیا تھا۔ ایک وقت کے بعد میں نے محسوس کیا کہ ہمارے درمیان فاصلہ آنا شروع ہوگیا ہے، نہ سالگرہ کی مبارکباد، نہ نئے سال پر پیغام، کوئی جواب نہیں آتا تھا، خاص طور پر ایک ایسے بچے کی طرف سے جس کے پاس ہر وقت موبائل ہوتا ہے۔‘

شمعون عباسی نے کہا کہ مالی معاملات کی بات کریں تو کیا مجھے ہر خرچ کے بل دکھانے کی ضرورت ہے؟ یوں مجھے فرق محسوس ہونے لگا۔ میرے اور عنزیلہ کے درمیان کبھی خراب تعلقات نہیں تھے، مگر یہ فاصلہ عجیب لگنے لگا۔ پھر میں نے اس کی شخصیت میں کچھ تبدیلیاں دیکھیں جس نے مجھے ہلا کر رکھ دیا۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ اس ظالم انڈسٹری میں میری بیٹی کے بارے میں کوئی منفی بات ہو، جس کے بعد میں نے خود کو اس سے کچھ دور کر لیا۔ ہمارے درمیان کبھی مکمل رابطہ ختم نہیں ہوا، یہ ایک بڑا جھوٹ ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ شاید ہم کچھ مواقع پر دوستوں کی طرح بات کرسکتے تھے، مگر دوسری طرف سے حالات میرے لیے اتنے سخت کر دیے گئے کہ ان کی زندگی میں داخل ہونا میرے لیے بہت مشکل ہو گیا۔ میں اس کی شادی میں ایک حادثے کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکا کیونکہ میری 3 دن قبل سرجری ہوئی تھی۔ میں نے اپنی بیٹی سے بات کی تھی اور وہ اس پر مطمئن تھی، مگر انٹرنیٹ پر اسے بلا وجہ بڑا مسئلہ بنا دیا گیا۔

شمون عباسی نے یہ بھی کہا کہ وہ دونوں مجھ سے بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ سفر کرتے ہیں، ہر چیز افورڈ کر سکتے ہیں، اس لیے میرے پاس کہنے کو اب کچھ نہیں بچتا۔ یہ سب دیکھ کر مجھے خوشی ہوتی ہے۔ میں ان کی پُرسکون زندگی کے لیے دعا کرتا ہوں، مگر میری ان سے یہی گزارش ہے کہ میرے بارے میں بات کرنا بند کریں۔ اس سے میری پیشہ ورانہ کامیابیاں متاثر ہوتی ہیں۔ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ یہ بات بھی سمجھیں۔

آخر میں انہوں نے کہا میں اپنی ذاتی زندگی کو پوڈکاسٹس پر تفصیل سے بیان کرنے کے خلاف ہوں، کچھ باتیں نجی رہنی چاہیں۔ میں نہیں چاہتا کہ مجھے ولن بنا کر پیش کیا جائے، اس لیے جو الزامات مجھ پر لگائے گئے، ان کا جواب دینا میرا حق ہے۔ میں مشکل سوالات سے بھاگنے والا نہیں ہوں۔

یاد رہے اس سے قبل احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں عنزیلہ عباسی نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنے والد شمعون عباسی کو اپنی زندگی کا ولن قرار دیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید