پی ٹی آئی کے عالمی تنظیموں کو خطوط

March 27, 2023

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماسابق اسپیکرا سد قیصر نے امریکی ایوان نمائندگان، ہاؤس آف لارڈز، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے عمران خان، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں پر مبینہ تشدد کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔پی ٹی آئی نے حکومت کی جانب سے ملک میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان کی ’’غیر قانونی ‘‘پکڑ دھکڑاور چھاپوں کے معاملے پر تعاون کیلئے یورپی پارلیمنٹ، ہاؤس آف کامنز، آئی پی یو، سی پی اے، ہاؤس آف لارڈز، امریکی ایوان نمائندگان سمیت دنیا کے مختلف فورمز کو خطوط ارسال کیے ہیں۔ خطوط میں کہا گیا ہے کہ بطور سابق اسپیکر پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں علم میں لانا چاہ رہا ہوں، نگراں حکومتوں نے سیاسی کارکنوں کی آواز دبانے کیلئے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی ہیں، عمران خان کو سیاست سے نکالنے کیلئے جھوٹے فوجداری مقدمات درج کئے گئے، قاتلانہ حملے میںانہیں 11 گولیاں ماری اور 127مقدمات درج کئے گئے۔عالمی تنظیموں سے درخواست ہے کہ وہ پاکستانی عوام کی سیاسی نسل کشی اور جمہوریت کی تباہی کو روکنے میں کردار ادا کریں۔ یہ شکایات کس حد تک درست ہیں ، اس سے قطع نظر یہ بہرحال حقیقت ہے کہ ہمارے ہاں دنیا کا مقبول ترین نظام حکومت محض اسلئے اپنی افادیت کھو رہا ہے کہ ہمارا سیاسی چلن ہی درست نہیں‘ سیاسی اختلافات کوذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کا رویہ عام ہے، یہ بھی سچ ہے کہ ہر کسی کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی فریاد جس کے سامنے چاہے،پیش کرے تاہم بسا اوقات ایسا کرتے ہوئے اپنے گھر کی عزت کا خیال کرنا لازم ہوتا ہے،یوں بھی جن باتوں کا اظہار کیا گیا ہے دنیا ان سے بخوبی آگاہ ہے کہ یہ طرز عمل نیا نہیں اور ہمارئے ہاں عرصہ دراز سے جاری ہے۔سیاستدان دنیا کو اپنے معاملات سے آگاہ کرنے کے بجائے اب بھی اپنی روش بدل لیں تو یہ نہ صرف سیاست میں معقولیت کا باعث ہوگا بلکہ ملک کی بقا اور ترقی کا بھی ضامن ہوگا۔