اساتذہ مردم شماری میں مصروف، میٹرک امتحانات کیلئے عملے کی قلت

March 30, 2023

لاہور(خبرنگار) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو یکم اپریل کوشروع ہونیوالے میٹرک کے امتحان کی نگرانی کیلئے عملے کی شدید قلت کا سامناہے۔ لاہور میں 11 ہزارسے زائد اساتذہ مردم شماری کی ڈیوٹی پر ہیں، لاہور بورڈ کو امتحانات کی نگرانی کیلئے 5ہزارکے قریب امتحانی عملہ کی ضرورت ہے۔ لاہور بورڈ کے زیر اہتمام امتحان کیلئے ساڑھے 8 سو سے زائد امتحانی مراکز تشکیل دیئے گئے ہیں۔ امتحانات کی نگرانی کیلئے پڑھے لکھے نوجوانوں سے درخواستیں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ تاہم پرائیویٹ عملہ کوتاحال نگرانی کیلئے تعینات نہیں کیا گیا محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اتھارٹیز کو امتحان کی نگرانی کیلئے عملہ مہیا کرنے کی ہدایت کر دی ہے، امتحانات کی ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کو سکولوں میں حاضر تصور کیا جائے گا، اس سلسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے مانیٹرینگ ڈپارٹمنٹ کو بھی مراسلہ جاری کردیا ہے۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ عملے کی قلت ہے،لیکن پرائیویٹ نگران ضرورت پڑنے پر تعینات کیے جائیں گے۔