ایف آئی اے میں افسران کو ڈیپیوٹیشن پر نہ بھیجنے کی ہدایت

April 01, 2023

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے حکم کے تناظر میں ڈائریکٹر ایچ آر شہزاد آصف خان نے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے اتھارٹی کے انسپکٹر جنرلز کو مراسلے تحریر کئے ہیں کہ ادارے کے علم میں آیا ہے کہ پولیس افسران ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن کے لیے مسلسل درخواستیں دے رہے ہیں اور وہ پروسس بھی کی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے میں کسی دوسرے ادارے سے ڈیپوٹیشن پر آنے کی پابندی برقرار ہے۔ لہذ ا درخواست کی جاتی ہے کہ ڈیپوٹیشن کی درخواستیں بالکل پروسس نہ کی جائیں جب تک وزارت داخلہ ڈیپوٹیشن پر ایف آئی اے آنے پر پابندی ختم نہیں کرتی۔