ماربرگ وائرس: سعودی عرب کی شہریوں کو گنی اور تنزانیہ کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

April 01, 2023

سعودی عرب کے محکمہ صحت نے اپنے شہریوں اور رہائشیوں کو ماربرگ وائرس کے خطرے کے پیش نظر افریقی ممالک گنی اور تنزانیہ کا سفر نہ کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

وزارت صحت نے کہا کہ دونوں ممالک میں موجود سعودی شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ حفاظتی اقدامات اور مقامی محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں۔

اس ہفتے کے آغاز میں گنی کی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ ایبولا کی طرح کا ایک وائرس ملک کے دیہی علاقوں سے تجارتی دارالحکومت باٹا تک پہنچ چکا ہے۔

وائرس کی وجہ سے اب تک 13 افراد میں سخت بخار کی شکایت رپورٹ ہوئی ہے۔

دوسری طرف تنزانیہ میں ماربرگ وائرس سے 8 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 5 ہلاک ہوچکے ہیں۔

ماربرگ وائرس کیا ہے؟

پھلوں پر چمگادڑوں کے بیٹھنے سے ماربرگ وائرس پیدا ہوتا ہے اور براہ راست انسانی جسم میں منتقل ہوجاتا ہے۔

اس وائرس سے شرح اموات 88 فیصد ہیں اور اب تک اس کی کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوئی ہے۔

ماربرگ کی علامات میں بخار، گھبراہٹ، شدید سر درد شامل ہیں، وائرس سے متاثرہ شخص میں یہ علامات 7 یوم میں نظر آتی ہیں اور اس کے بعد ہیمرج کے آثار رونما ہوتے ہیں۔

یہ وائرس پہلی بار 1967 میں دریافت ہوا تھا، تب سے اب تک 12 مرتبہ ماربرگ وائرس پوری شدت کے ساتھ حملہ آور ہوچکا ہے۔