مسجد کے قرآن کو گھر لے جانے کا حکم

May 12, 2023

آپ کے مسائل اور ان کا حل

سوال: کسی مسجد سے قرآن پاک کو گھر لانا کیسا ہے اور اگر مسجد دور ہو اور جانے کی کوئی استطاعت نہ رکھتا ہو، تو قرآن مجید کا کیا کرنا چاہیے؟ کسی غریب کو دینا چاہیے یا پھر وہی قرآن مسجد میں پہنچانا ضروری ہے؟

جواب: واضح رہے کہ مسجد کے لیے وقف شدہ قرآن کریم اپنے گھر لے جانا جائز نہیں ،البتہ اگر کسی مسجد میں قرآن کریم کی تعداد اتنی زیادہ ہو کہ وہ استعمال میں نہ آتے ہوں تو انہیں دوسری مساجد میں جہاں ضرورت ہو ،منتقل کرنے کی گنجائش ہے،تاہم کسی شخص کو مالک بنا کر دینا یا خود اس کا مالک بننا جائز نہیں۔ لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل کو چاہیےکہ قرآن مجید کو اسی مسجد میں پہنچائے ، جہاں سے لیا ہے ، کسی غریب کو دینا جائز نہیں ۔ (الدر مع الرد، ج:4، ص:365، ط:سعيد۔ الھدايۃ شرح البدايۃ، ج:2، ص:640، ط:شرکت علمیہ)