بھارت، شادی سے بھاگنے والے دولہا کی کوشش دلہن نے ناکام بنادی

May 24, 2023

فائل فوٹو

بھارت کی ریاست اترپردیش میں دلہن کے لیے اس کی شادی کا خاص دن دولہے کو ڈھونڈنے کی جدوجہد اور اس کا پیچھا کرنے میں بدل گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کے عین وقت دولہے نے شادی سے انکار کردیا تو شادی کے لباس میں ملبوس دلہن لڑکے کو ڈھونڈنے اور اس سے شادی کرنے کے لیے نکل پڑی اور اس نے 20 کلومیٹر سے زیادہ لڑکے کا پیچھا کیا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان ڈھائی سال سے تعلقات تھے تاہم شادی کی تقریب میں دلہن کو بتایا گیا کہ دولہا ابھی تک نہیں آیا ہے تو دلہن نے خود ہی اسے ڈھونڈنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2 گھنٹے بعد بالآخر لڑکے کو ڈھونڈ لیا گیا جو کہ بریلی شہر کی حدود سے باہر ایک پولیس اسٹیشن کے قریب بس میں موجود تھا۔

بعدازاں دلہن، اس کے خاندان اور لڑکے کے خاندان والے اسے ایک مندر میں لے گئے جہاں دونوں کی شادی کرا دی گئی۔

سوشل میڈیا پر یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد لڑکی کی تعریفیں کی جارہی ہیں کہ اس نے ہمت دکھا کر لڑکے کو دھوکا نہ دینے دیا جبکہ شادی کی ذمے داری سے بھاگنے کی کوشش کرنے والے لڑکے پر انٹرنیٹ صارفین غصہ کر رہے ہیں۔