جاپان: پاکستانی کمیونٹی کا میجر (ر ) عادل راجہ کی گرفتاری کا مطالبہ

May 24, 2023

فائل فوٹو

جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پاک فوج کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والے میجر (ر ) عادل راجہ کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نےعادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان برطانیہ میں مقیم ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوثمیجر (ر) عادل راجہ کی گرفتاری کے لئےبرطانوی حکومت سے رابطہ کرئے۔

کمیونٹی رہنما اور مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوا ن کا کہنا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ جس فوج نے عادل راجہ جیسے غدارِ وطن کو عزت سے نوازا آج وہ غیر ملک میں بیٹھ کر اسی فوج کو نقصان پہنچا رہا ہے،اسے فوری گرفتار کیا جانا چاہیے۔

(ن) لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ حکومت میجر (ر) عادل راجہ کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرے۔

پیپلز پارٹی جاپان کے صدر ایڈوکیٹ شاہد مجید کا کہنا ہے کہ عادل راجہ جیسے نمک حرام شخص کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی پاک فوج کو بدنام کرنے کی کوشش نہ کرسکے۔

سینئر پاکستانی چوہدری عنصر ، مرزا اکرم ، خرم بھٹی ، شیخ عامر ، شیخ عارف اور راجہ محمد ظہور نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو بدنام کرنے والے میجر (ر) عادل راجہ کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔