پہلے قومی گیمز کا افتتاح قائد اعظم نے کیا

May 28, 2023

عمر شاہین

پاکستان میں کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ نیشنل گیمز ہے جس کا پاکستان بھر کے ایتھلیٹس بے چینی سے انتظار کر تے ہیں اور موقع ملنے پر قومی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کر کے اپنے شہر اور صوبے کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔ تقسیم ہند کے بعد پاکستان میں پہلے نیشنل گیمز 23 تا 25 اپریل پولو گراؤنڈ کراچی میں منعقد ہوئے تھے، ان گیمز کا افتتاح بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کیا تھا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے پہلے صدر احمد ای ایچ جعفر کی کاوشوں سے پاکستان کے پہلے نیشنل گیمز کا انعقاد کیا گیا جس میں مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش)سمیت پاکستان کے تمام صوبوں کے ایتھلیٹس نے بھر پور شرکت کی۔

پہلے نیشنل گیمز میں ٹریک اینڈ فیلڈ، باسکٹ بال، باکسنگ، سائیکلنگ،والی بال،ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کے ایونٹس میں 140ایتھلیٹس شریک تھے۔پنجاب کے ایتھلیٹس نے پہلے نیشنل گیمز کی ٹرافی ”چیلنج شیلڈ“ جیتی،یہ ٹرافی قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ذاتی فنڈز سے پہلے نیشنل گیمز کے منتظمین کو دی تھی جسے بعد میں قائد اعظم ٹرافی کے نام سے موسوم کر دیا گیا اور ہر نیشنل گیمز کے فاتح دستے کو یہی ٹرافی دی جاتی ہے، پہلے نیشنل گیمز کے اوپن ہونے کا اعلان بھی قائد اعظم محمد علی جناح نے ہی کیا تھا۔پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی مشترکہ کاوشوں سے1948سے لے کر2019 تک مجموعی طور پر 33نیشنل گیمز منعقد کئے جا چکے ہیں۔

پاکستان آرمی کو سب سے زیادہ 27بار نیشنل گیمز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، 1956سے پاکستان آرمی کی فتح کا یہ سلسلہ صرف ایک بار 1966میں منقطع ہوا تھا جب پاکستان ریلوے نے قائد اعظم ٹرافی جیتی تھی۔ سروسز کے دستوں کو تین بار اور پنجاب کو ایک بار قائد اعظم ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ 1954میں ساہی وال میں منعقدہ نیشنل گیمز میں ٹرافی نہیں دی گئی تھی۔ نیشنل گیمز کے آغاز پر یہ طے کیا گیا تھا کہ نیشنل گیمز ہر دو سال بعد باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے تاہم ملکی صورت حال کے باعث نیشنل گیمز کاباقاعدگی سے انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

اب تک نیشنل گیمز لاہور میں دس بار،کراچی اور پشاور میں سات بار،ڈھاکہ میں چار بار،کوئٹہ میں تین بار،فیصل آباد اور ساہی وال میں ایک ایک بار منعقد کئے جا چکے ہیں۔ پاکستان کی مایہ ناز خاتون سوئمر کرن خان کو نیشنل گیمز میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے انہوں نے 2001 کے نیشنل گیمز میں سات، 2004کے نیشنل گیمز میں 12، 2006میں کراچی میں منعقدہ نیشنل گیمز میں 14،2010میں پشاور نیشنل گیمز میں 14گولڈ میڈلز جیتے، اس طرح وہ نیشنل گیمز میں 47گولڈ میڈلز جیتنے والی واحد ایتھلیٹ ہیں۔ آئندہ ماہ کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے،یہ چوتھا موقع ہوگا جب کوئٹہ میں قومی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا اس سے قبل بلوچستان کے دارالحکومت میں 1986،1995اور 2004میں نیشنل گیمز کامیابی کے ساتھ منعقد کئے جا چکے ہیں۔