سلمان خان نے وکی کوشل کو گلے لگا کر مداحوں کے دل جیت لیے

May 27, 2023

اسکرین گریب

بالی ووڈ کے سلو بھائی، سلمان خان نے سابقہ گرل فرینڈ، اداکارہ کترینہ کیف کے شوہر وکی کوشل کو گلے لگا کر مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

وکی کوشل کا اس وقت بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں شمار ہوتاہے، اُنہوں نے ناصرف اپنی اداکارانہ صلاحیتوں بلکہ شائستہ طبیعت سے بھی شائقین کے دل جیتے ہیں۔

دوسری جانب سلمان خان کی دریا دلی سے تو ہر مداح واقف ہی ہے۔

اِن دونوں ستاروں کی گزشتہ روز ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں سلمان خان کی سیکیورٹی نے سلو بھائی کے لیے راستہ بناتے ہوئے وکی کوشل کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔

اس دوران وکی کوشل نے سلمان خان سے بات کرنے کی بھی کوشش کی تھی جس کا اُنہوں نے کوئی جواب نہیں دیا تھا۔


اب سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ کے اداکار وکی کوشل کو انٹرویو دیتے ہوئے اور فلم ’ٹائیگر تھری‘ کے اداکار سلمان خان کو وکی کوشل کو خود آگے بڑھ کر گلے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں اداکار ایک لمحے کے لیے ایک دوسرے کو خوشگوار موڈ میں گلے لگاتے ہیں، ہاتھ ملاتے ہیں اور چند لفظ بول کر دوبارہ مصروف ہو جاتے ہیں۔


واضح رہے کہ بھارتی باربی ڈول کترینہ کیف کے شوہر وکی کوشل آج کل دبئی میں موجود ہیں اور ابوظہبی میں آئیفا ایوارڈز کی میزبانی کر رہے ہیں۔

اسی دوران وکی کوشل اپنی آنے والی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ کی تشہیر میں بھی مصروف ہیں۔

دوسری جانب اگر بات کی جائے سلمان خان کی تو انہوں نے حال ہی میں اپنی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے جسے دیوالی پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔