بالی ووڈ اداکارہ مونی رائے اور ان کے شوہر سوراج نمبیار کے درمیان علیحدگی کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کر دیا ہے، جس کے بعد سوراج نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کر دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مونی کی قریبی دوست اور اداکارہ دیشا پٹانی نے بھی سوراج کو اَن فالو کردیا، جس سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
مونی اور سوراج نے 2022 میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی، جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور دوست شریک ہوئے تھے۔
شادی کے چار سال بعد اب دونوں کے درمیان دوریاں بڑھنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سوراج نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے پہلے اپنی شادی کی تصاویر بھی ہٹا دی تھیں، جبکہ مونی نے اب تک اپنی شادی اور ہنی مون کی تصاویر محفوظ رکھی ہیں۔
دیشا پٹانی کا ردعمل
سوراج کے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے قبل دیشا پٹانی نے بھی انہیں اَن فالو کر دیا تھا۔ دیشا اور مونی گزشتہ کئی برسوں سے قریبی دوست ہیں اور اکثر ایک ساتھ ڈنر پارٹیوں اور ٹرپس کی تصاویر شیئر کرتی رہی ہیں۔ دیشا نے مونی اور سوراج کی شادی میں بھی شرکت کی تھی اور انسٹاگرام پر نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
سوراج نمبیار کون ہیں؟
سوراج نمبیار دبئی کے بزنس مین اور انویسٹمنٹ بینکر ہیں۔ انہوں نے لندن اسکول آف اکنامکس سے فنانشل اور مینجریل اکاؤنٹنگ کی تعلیم حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے دبئی میں اپنے والد کے کاروبار کو سنبھالا اور مختلف کمپنیوں کے اسٹریٹیجک ایڈوائزر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔