• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ڈراموں میں 50 سالہ مرد جین زی کے کردار ادا کر رہے ہیں: امر خان کی تنقید

اداکارہ امر خان—فائل فوٹو
 اداکارہ امر خان—فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ امر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے ڈراموں میں 50 سالہ مرد جین زی کے کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں اور کوئی اس پر سوال نہیں اٹھاتا۔

امر خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں صنفی بنیاد پر امتیازی سلوک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے مضبوط اور مرکزی کردار نہیں لکھے جا رہے جب کہ مرد 40 اور 50 سال کی عمر میں بھی جین زی یعنی جوان لڑکوں کے کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں اور کوئی اس پر سوال نہیں اٹھاتا۔

اُنہوں نے کہا کہ خواتین کو چند سال کام کرنے کے بعد ہی عمر رسیدہ کرداروں تک محدود کر دیا جاتا ہے۔

اداکارہ نے ہالی ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میریل اسٹریپ اور این ہیتھ وے جیسی اداکارائیں اپنی عمر کے مختلف حصوں میں بھی فلموں میں اہم کرداروں میں نظر آ رہی ہیں مگر ہمارے ہاں اداکاراؤں کو عمر بڑھنے کے ساتھ ہی نظر انداز کرنا شروع کر دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں عمر اور اداکاراؤں کے کرداروں سے متعلق بحث اس وقت شدت اختیار کر گئی جب اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اداکار فہد مصطفیٰ سے کہا کہ انہیں اپنی ہم عمر ہیروئنز کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔

بعد ازاں اس بیان پر فہد مصطفیٰ نے ردِعمل دیا جس کے بعد معاملہ مزید بڑھ گیا اور اب امر خان نے بھی اسی حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید