یہ سوچ پریشان کُن ہے کہ مرد کے مقابلے عورت جلدی بوڑھی ہوجاتی ہے، ثانیہ سعید

May 30, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ خواتین کی عمر کے حوالے سے یہ خیال کیا جانا کہ یہ مرد کے مقابلے میں جلدی بوڑھی ہوجاتی ہیں، پریشان کن ہے۔

انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں خواتین کے یکساں کرداروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں ڈراموں میں خواتین کو روتا دھوتا اور کمزور دکھایا جاتا ہے جبکہ ان میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

سینئر اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ٹی وی ڈراموں میں خواتین کے کمزور کرداروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں اپنے ڈراموں میں ایسی خواتین کو دِکھانے کی ضرورت ہے جو اپنا کاروبار چلاتی ہوں، ملازمت کرتی ہوں، جو مردوں پر انحصار نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈراموں میں کمزور خواتین کی عکاسی، ہمارے معاشرے کے اس طبقے کی عکاسی کرتا ہے جو عورتوں کو برابری کا درجہ نہیں دیتا اور نہ ہی دینا چاہتا ہے۔

ثانیہ سعید نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہمارے ہاں اچھے ڈرامے بالکل ہی نہیں بن رہے، اچھے ڈرامے بھی بن رہے ہیں لیکن ان کی تعداد بہت کم ہے۔ اس میں توازن کی ضرورت ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں شروع سے ہی ہر قسم کے کردار ادا کررہی ہوں لیکن یہ سوچ کہ مرد کے مقابلے میں عورت جلدی بوڑھی ہوجاتی ہے انتہائی پریشان کُن ہے۔