شاہ رخ خان کو نئی بھارتی پارلیمنٹ بلڈنگ کی تعریف کرنا مہنگا پڑ گیا

May 30, 2023

—فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے نئی بھارتی پارلیمنٹ بلڈنگ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تعریف کرنا ان کے مداحوں کو زیادہ پسند نہیں آیا۔

بھارت میں اتوار کے روزوزیرِ اعظم نریندر مودی نے دہلی میں نئی بھارتی پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح کیا ہے۔

اس حوالے سے شاہ رخ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے۔

اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی نئی بھارتی پارلیمنٹ کی عمارت کی ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں اُنہیں اس نئی پارلیمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے نریندر مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ ’یہ نیا گھر ان لوگوں کے لیے بہت شاندار ہے جو ہمارے آئین کو برقرار رکھتے ہیں اور یہاں اس عظیم قوم کے ہر شہری کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس کے عوام کی مختلف برادریوں کی حفاظت کرتے ہیں‘۔

اُنہوں نے لکھا ہے کہ ’نئے ہندوستان کے لیے پارلیمنٹ کی یہ نئی عمارت، ہندوستان کی ترقی کے لیے دیکھے گئے سالوں پرانے ایک خواب کی تعبیر ہے، جئے ہند!‘

شاہ رخ خان کے یوں نئی بھارتی پارلیمنٹ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے پر کچھ مداح ان پر شدید تنقید کرتے نظر آئے۔

یہاں ایک نظر اداکار کے مداحوں کی جانب سے کیے گئے تبصروں پر ڈال لیتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

واضح رہے کہ اتوار کے روز ہونے والی نئی بھارتی پارلیمنٹ کی عمارت کی افتتاحی تقریب کا ایک درجن سے زائد اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا۔

جیسے ہی تقریب شروع ہوئی تو ہندو پنڈتوں نے روایتی رسومات ادا کیں اور مذہبی بھجن گائے جس سے ملک میں ہندو اکثریت کا احساس نمایاں ہوا، لیکن اسی دوران قرآن پاک کی سورۂ رحمٰن کی تلاوت پر مختلف حلقوں کی طرف سے حیرت کا اظہار اور تنقید کی گئی۔

حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بہت سے مخالفین اور مسلم کمیونٹی کے ارکان نے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ اُنہوں نے پارلیمنٹ کی عمارت کی افتتاحی تقریب میں سورۂ رحمٰن کی تلاوت کو شامل کر کے مسلمانوں کے بارے میں اپنے تعصبانہ رویے کو چُھپانے کی کوشش کی ہے۔