راحت فتح علی خان نے سدھو موسے والا کی یاد میں کونسی قوالی گائی؟

May 30, 2023

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے مشہور قوالی ’اکھیاں اڈیک دیاں‘ بھارتی آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے نام کی ہے۔

راحت فتح علی خان کے ایک حالیہ کنسرٹ سے مختصر سی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں اُنہیں بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو یاد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

راحت فتح علی خان نے اپنے کنسرٹ کے دوران سدھو موسے والا کی یاد تازہ کرتے ہوئے اُن کے لیے مشہور قوالی ’اکھیاں اُڈیک دیا‘ گا کر شائقین کا دل جیت لیا ہے۔


یاد رہے کہ گزشتہ روز کروڑوں مداحوں کے دلوں میں بسنے والے اداکار سدھو موسے والا کی پہلی برسی تھی۔

اپنے پسندیدہ گلوکار کی پہلی برسی پر مداحوں نے ناصرف سوشل میڈیا پر اُن کی یاد میں پوسٹس شیئر کی تھیں بلکہ ہیش ٹیگ ’Justice for sidhu moose wala‘ کا استعمال کرتے ہوئے اُن کے لیے انصاف کی اپیل بھی کی تھی۔

سدھو موسے والا کے قتل کا پسِ منظر

29 مئی 2022ء کو سدھو موسے والا کو بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارینس بشنوئی کے کارندے نے قتل کر دیا تھا، اس واقعے کے چند روز بعد بعض گیگنسٹرز نے ان کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کر لی تھی۔

سدھو موسے والا ناصرف گلوکار بلکہ ایک سیاستدان بھی تھے، 2022ء کے الیکشن سے قبل سدھو موسے والا نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور مانسہ ضلع سے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا۔

ان کو عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا نے شکست دی تھی اور سدھو موسے والا کے قتل سے ایک دن قبل ہی پنجاب حکومت نے اُن کی سیکیورٹی واپس لی تھی۔