انرجی بلز میں اضافہ، پبس اور ریسٹورنٹس نے حکومت سے مدد کی اپیل کردی

May 31, 2023

لندن (پی اے) پبس اور ریسٹورنٹس کےمالکان نےحکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انرجی بلز میں 81فیصد اضافہ ہو چکا ہے جو کہ برداشت سے باہر ہے۔ انرجی کی قیمتوں میں اس اضافے کے سبب پبس اور ریسٹورنٹس کے شعبے سے منسلک دو تہائی سے زیادہ کاروباری ادارے اپنے مستقبل سے مایوس ہو چکے ہیں اور ایک تہائی سےکم ادارے ایسے ہیں جو مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھانوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے علاوہ اسٹاف کی اجرتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ انہیں مکمل تباہی سے بچانے کیلئے ان کی سپورٹ کیلئے اقدامات کرے۔ برٹش بیئر اور پب ایسوسی ایشن اور ہاسپیٹلٹی نے بتایا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے 29فیصد کاروباری اگلے 12ماہ بھی کاروبار قائم رکھنے کے بارے میں پرامید نہیں ہیں جب کہ 86فیصد فرمز نے صورتحال کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ یوکرائن پر روس کے حملے کے بعد سے گزشتہ ایک سال کے دوران انرجی بلز آسمان پر پہنچ چکے ہیں اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے فرمز کو طویل المیعاد فکس ریٹس کے کنٹریکٹ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ اٹلی گروپ کا کہنا ہے کہ رواں سال کی ابتدائی سہ ماہی کے دوران انگلینڈ اور ویلز میں150 پبس ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال ختم ہونے والے پبس کے مقابلے میں 60فیصد زیادہ ہے اور اگر قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول نہ کیا گیا تو مزید بہت سے پبس ختم ہو جائیں گے کیونکہ انرجی بلزپبس اور ریسٹورنٹس کو تباہی کے دہانے کی طرف دھکیل رہا ہے۔