سلمان خان شادی کب کریں گے؟ جواب صرف 2 لوگوں کے پاس ہے، کترینہ کیف

June 03, 2023

بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ سلمان خان شادی کب کریں گے؟ اس سوال کا جواب صرف 2 لوگوں کے پاس ہے۔

سلمان خان اور کترینہ کیف ماضی میں ڈیٹنگ کرتے رہے ہیں اور اُن کی آن اسکرین کیمسٹری کو مداح آج بھی بہترین قرار دیتے ہیں۔

ان کا افیئر بالی ووڈ میں سب سے زیادہ زیر بحث رہا ہے، تاہم علیحدگی کے بعد بھی دونوں میں احترام کا رشتہ قائم ہے، جو ان کی باہمی ہم آہنگی کا عکاس ہے۔

کترینہ کیف نے وکی کوشل کے ساتھ شادی کرلی جبکہ سلمان 57 برس کی عمر میں بھی غیر شادی شدہ ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کپل شرما شو کے دوران میزبان نے سلمان خان کی موجودگی میں کترینہ کیف سے چند دلچسپ نوعیت کے سوالات کیے۔

کپل شرما نے کترینہ کیف سے پوچھا کہ سلمان خان کی پسندیدہ ہیروئن کا نام بتائیں؟

اس پر اداکارہ نے استفسارکیا کہ آج کل؟ جس پر بتایا گیا کہ ہاں، تو وہ سوچنے لگ گئیں، اس دوران سلمان خان نے جواب دیا کترینہ کیف۔ اس پر ردعمل میں اداکارہ نے ناں کہا۔

شو کے دوران کترینہ کیف سے کپل شرما نے پوچھا کہ سلمان خان کی شادی کس سال میں ہوگی؟

اداکارہ نے جواب دیا کہ اس سوال کا جواب صرف 2 لوگوں کے پاس ہے، ایک بھگوان اور دوسرا سلمان خان۔

اس سے قبل سلمان خان نے بگ باس 4 کے سیٹ پر کترینہ کیف سے سوال کیے تھے، جن کا اداکارہ نے دلچسپ جواب دیا، جنہیں سن کر مداح حیران رہ گئے۔

سلمان خان نے کترینہ کیف سے پوچھا کہ اکشے کمار، رنبیر کپور، سلمان خان اور عمران خان میں سے کون آپ کا پسندیدہ کو اسٹار ہے؟

اس پر کترینہ کیف نے اکشے کمار کا نام لیا، جس پر سلمان خان حیرا ن ہوگئے تاہم انہوں نے اداکارہ کو دوسرا موقع دیا اور استفسار کیا کہ اکشے کمار اور سلمان خان میں آپ کا پسندیدہ کون ہے؟

اس بار بھی کترینہ کیف نے اکشے کمار کا نام لیا اور کہا کہ وہ تم سے بہتر کو اسٹار ہے۔ کترینہ کیف اور سلمان خان کی فلم ٹائیگر کا تیسرا حصہ زیر تکمیل ہے۔