عدالت نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا

June 05, 2023

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمود طاہر نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے شہریار آفریدی کی نظر بندی کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا آرڈر اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی قرار دے دیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ گرفتاری کے وقت مجسٹریٹ کی جانب سے نظر بندی احکامات جاری نہیں ہوئے تھے۔ شہریار آفریدی اپنے خلاف پہلے سے درج کرمنل کیسز میں گرفتار تصور ہوں گے، شہریار آفریدی کے خلاف مقدمات میں تفتیشی افسر پٹیشنر کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کریں۔

عدالت نے شہریار آفریدی سے گرفتاری کے وقت لیا گیا موبائل فون بھی واپس کرنے کا حکم دے دیا، شہریار آفریدی کو 7 جون تک متعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش نہ کیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

شہریار آفریدی کو ڈیتھ سیل میں رکھنے کے بیان پر اڈیالہ جیل حکام کی رپورٹ بھی فیصلے میں شامل کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ شہریار آفریدی کو ڈیتھ سیل میں نہیں، سیکیورٹی وجوہات پر الگ وارڈ کے سیل میں رکھا گیا۔

عدالت نے کہا کہ پٹیشنر کو جیل میں بہتر کلاس اور سہولتوں کے حصول کے لیے مشکلات برداشت کرنا پڑیں، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نظر بندی احکامات میں قیدی کے اسٹیٹس اور نظر بندی احکامات میں قیدی کو حاصل قانونی سہولتوں کی بھی نشاندہی کریں۔