فرسٹ ٹائم بائر 20 فیصد افراد 35 سالہ مارگیج لے رہے ہیں

June 06, 2023

لندن (پی اے) ٹریڈ ایسوسی ایشن یوکے فنانس کے مطابق شرح سود میں اضافے کی وجہ سے مکانات کے اب فرسٹٹائم بائر 20فیصد افراد 35سالہ مارگیج لے رہے ہیں۔ اپریل 2005کے بعد 35سالہ مارگیج لینے والوں کی یہ سب سے بڑٖی تعداد ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں 35سالہ مارگیج لینے والوں کی شرح صرف 9فیصد تھی۔ طویل عرصے کی مارگیج سے ماہانہ ادائیگی آسان ہوجاتی ہے لیکن قرض لینے والوں کو سود کی مد میں زیادہ رقم ادا کرنا پڑتی ہے، کم مدت کی مارگیج سے بعض ایسے لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، جو ریٹائر منٹ کا پلان بنا رہے ہیں۔ بینک آف انگلینڈ کی جانب سے سود کی شرح میں اضافے کی وجہ سے مارگیج کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے فکسڈ ریٹ مارگیج کو فروغ ملا ہے۔ منی بجٹ کے موقع پر بھی مارگیج کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور مکان خریدنے والے بہت سے لوگ اب بھی اس کا نقصان بھگت رہے ہیں کیونکہ وہ فکس ریٹ کرا چکے ہیں، بہت سےلوگ جب ری مارگیج کرنے جاتے ہیں تو ان کے ہوش اڑجاتے ہیں کیونکہ انھیں زیادہ شرح سے ری مارگیج کرانے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ مئی میں 2,000 افراد سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق 48 فیصد افراد نے کہا کہ اگر ان کی ماہانہ قسط میں 150 پونڈ کا اضافہ ہوگیا تو انھیں اس کی ادائیگی میں دشواری پیش آئے گی۔